کویت سٹی،3جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)خلیجی ریاست کویت کو گذشتہ روز سلامتی کونسل میں دو سال کے لیے غیر مستقل رکن کا درجہ دیا گیا۔ کویت کو غیر مستقل رکن کا درجہ دینے کے لیے سلامتی کونسل میں رائے شماری کی گئی۔ کویت کی اعزازی رکنیت کا آغاز جنوری 2018ء سے ہوگا۔سلامتی کونسل میں کویت کو غیر مستقل رکنیت کے لیے گذشتہ روز رائے شماری کی گئی۔ رائے شماری میں 192ممالک میں سے 188کویت کی حمایت کی۔اس موقع پر ایک پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کویت وزیر خارجہ صباح خالد الصباح نے کہا کہ علاقائی بحرانوں کے سفارتی حل کے لیے ہمارے اوپر بھاری ذمہ داری عاید ہوئی ہے اور ہم اس ذمہ داری سے کما حقہ عہدہ برآ ہونے کی کوشش کریں گے۔ انہیں نے کہا کہ ایران کے ساتھ بین الاقوامی اصولوں کی بنیاد پر مذاکرات کیے جاسکتے ہیں۔اس موقع پر دیگر ممالک ساحل العاج، گینیا، پیرو اور پولینڈ کوبھی سلامتی کونسل کا دو سال کے لیے اعزازی رکن منتخب کیا گیا۔خیال رہے کہ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان امریکا، برطانیہ، فرانس، چین اور روس کوویٹو پاور کا درجہ حاصل ہے۔ اس کے علاوہ سلامتی کونسل کے 10غیر مستقل ارکان ہیں جن کا چناؤ دو سال کے لیے کیا جاتا ہے۔ دو سال کی مدت ختم ہونے کے بعد اس میں توسیع نہیں کی جاسکتی۔ ہرسال پانچ نئے غیر مستقل ارکان کا چناؤ عمل میں لایا جاتا ہے۔